ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گلبرگہ اور بیدر میں شدید بارش، 28سے زائد مکانات منہدم؛ اضلاع یادگیر اور بیجاپور بھی مسلسل بارش سے متاثر

گلبرگہ اور بیدر میں شدید بارش، 28سے زائد مکانات منہدم؛ اضلاع یادگیر اور بیجاپور بھی مسلسل بارش سے متاثر

Wed, 13 Jul 2022 18:10:15    S.O. News Service

گلبرگہ 13جولائی (ایس او نیوز/ حکیم شاکر)کرناٹک کے اضلاع گلبرگہ اور بیدر میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش ہورہی ہے۔ خاص طور پر گزشتہ دو دنوں سے ان دونوں اضلاع میں بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ 13جولائی کو بھی بارش کا سلسلہ جاری  رہا۔مشرق، مغرب، شمال اور جنوب چاروں سمتوں میں آسمان سیاہ بادلوں سے گھرے ہوئے ہیں۔

متواتر بارش کے سبب کاروبار متاثر ہوگئے ہیں۔ متواتر بارش کی محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی کے سبب مدارس کو تعطیل دے دی گئی تھی۔ اس تعطیل کے ختم ہونے کے دودنوں بعد بھی بارش کا سلسلہ  جاری  ہے۔ اطلاعات کے بموجب بہت سے طلبا و طالبات شدید اور مسلسل بارش کے سبب اپنے مدارس کو حاضری نہیں دے سکے۔

اضلاع گلبرگہ اور بیدر میں 28 سے  زیادہ مکانات مکمل طور پر یا جزوی طور پر منہدم ہوگئے ہیں۔ ضلع بیدر میں 12 جولائی تک 17.02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سنتا پور اور اوراد تعلقہ جات میں 21.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بیدر ضلع میں سب سے زیادہ 20مکانات  کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلع گلبرگہ اور شہر گلبرگہ میں بھی مسلسل بارش کے سبب شہریان کو نہایت دشواریوں کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ سڑکوں اور گلیوں کی صحیح طور پر دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب بارش کا پانی جگہ جگہ جمع ہوکر ٹریفک  اور صحت کے مسائیل پیدا کررہا ہے۔

اطلاعات کے بموجب اضلاع گلبرگہ اور بیدر کے آبی ذخائیرمیں اگرچیکہ مناسب مقدار میں پانی جمع ہورہا ہے لیکن ابھی ان ذخائیر کی آبی سطح مناسب نشانہ کو نہیں پہنچ سکی ہے۔ 

ضلع گلبرگہ کے کارنجہ پروجیکٹ اور بینی تھورا آبی پروجیکٹس میں بھی پانی کی سطح اپنے مکمل نشانہ تک  فی الحال نہیں پہنچی ہے۔البتہ تنگ بھدرا ڈیم   میں سطح آب اپنے مقررہ نشانہ کو پہنچنے کی بنا پر ندی میں پانی کا اخراج کیا گیا ہے، اسی طرح   گلبرگہ کے چنچولی میں واقع  مُلّا  ماری پروجیکٹ کے ناگرال  ڈیم میں بھی  پانی بھرجانے کے بعد  1,890 کیوسک پانی کو مُلّاماری ندی میں  چھوڑا گیا ہے۔

  ریاست کرناٹک کے اضلاع کوپل، رائیچور، وجئے نگر(بیجاپور)  بلاری اور ضلع کرنول آندھر اپردیش کی  انتظامیہ  نے مسلسل بارش کے سبب احتیاطی اقدامات شروع کردئے ہیں۔ضلع یادگیر میں واقع بسوا نگر آبی ذخیرہ، نارائین پور تعلقہ ہنسگی میں 12جولائی تک95,000کوزک پانی آلمٹی ڈیم ضلع بیجاپورسے نکل کر جمع ہوگیا تھا۔  اس آبی ذخیرہ سے کرشنا ندی میں 1.04لاکھ کوزک پانی چھوڑ دیا گیا۔ ہنسگی اور شوراپور ٹاؤنس کے عوام کو اس ضمن میں محتاط رہنے کی نوٹس جاری کردی گئی ہے۔ چار تعلقہ جات کے سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے خدشات بھی ظاہر کردئے گئے ہیں۔ 


Share: